سندھ کے علاقے ماری غازیج سے تیل و گیس کے نئے ذخائر کامیابی سے دریافت کر لیے گئے ہیں۔لسٹڈ کمپنی ماری انرجیز لمیٹڈ نے اس اہم کامیابی سے متعلق تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کر دی ہیں۔کمپنی کے مطابق غازیج CFB-1 کنوئیں میں 12 ستمبر کو کھدائی کا عمل شروع کیا گیا تھا، جس کے دوران 1,195 میٹر گہری کھدائی کے بعد زمین کی تیل و گیس کی پرت تک پہنچا گیا۔ابتدائی ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق کنوئیں سے یومیہ 305 بیرل خام تیل اور 3 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے،جبکہ ویل ہیڈ فلو پریشر 225 پاؤنڈ فی مربع انچ (psi) ریکارڈ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ماری غازیج CFB-1 کنوئیں میں 100 فیصد ملکیت ماری انرجیز لمیٹڈ کی ہے۔یہ دریافت ملک میں توانائی کے ذخائر میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔