شہر قائد میں ایک افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نومولود بچی کو شاپنگ بیگ میں ڈال کر عمارت سے نیچے پھینک دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق واقعہ کورنگی کے علاقے کرسچن پاڑہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نومولود بچی کی لاش ایک مکان میں پھینک کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ صبح کے وقت پیش آیا، جب گھر والوں نے سات بجے کے قریب کسی چیز کے گرنے کی آواز سنی۔ باہر جا کر دیکھا تو ایک شاپنگ بیگ میں بند نومولود بچی کی لاش برآمد ہوئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان بچی کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم تھیلی بالکونی میں آ گری۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے کر بیانات قلم بند کر لیے۔پولیس حکام کے مطابق نومولود بچی کے والدین کی تلاش جاری ہے، اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔






