شہرِ قائد میں پولیس کےمبینہ مقابلےمیں تین اسٹریٹ کریمنلز زخمی حالت میں گرفتار

کراچی کے دو مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، گولیاں اور مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔ پہلا واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی میں پیش آیا، جہاں شاہراہ نورجہاں پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم محمد یوسف کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ساتھی اعظم خان عرف ولی بابر تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسرا مقابلہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں جی-23 بس اسٹاپ کے قریب ہوا، جہاں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان، راشد بٹ اور اشفاق، زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔