ملک بھر میں ایل پی جی گیس کی ناجائز منافع خوری کے خلاف اوگرا نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ اوگرا کے مطابق کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے پلانٹس اور زیر انتظام علاقوں میں مقررہ نرخوں پر ایل پی جی فروخت کریں۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ سیلز انوائسز پر سلنڈر کی قیمت لازمی درج کی جائے اور ایل پی جی پلانٹس پر بھی قیمتِ فروخت صاف طور پر لکھی جائے۔ نومبر کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2,378 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹنگ کمپنیاں فی سلنڈر 3,000 روپے ایکس پلانٹ ریٹ وصول کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے ناجائز منافع خوری سامنے آئی ہے۔ اوگرا نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف لائسنس معطلی اور دیگر سخت کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔






