گورنر سندھ کو ہٹانے کی درخواست، ہائیکورٹ کا ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل کو نوٹس

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیے۔سماعت کے دوران جسٹس عدنان الکریم میمن نے استفسار کیا کہ “کیا عدالت گورنر کو عہدے سے ہٹا سکتی ہے؟”درخواست گزار احمد علی گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست میں صدر مملکت کو فریق بنایا گیا ہے، عدالت صدر کو ہدایات جاری کر سکتی ہے۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے پوچھا کہ “گورنر سندھ کو کیوں ہٹایا جانا چاہیے؟”اس پر درخواست گزار نے کہا کہ گورنر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے، لیکن موجودہ گورنر سیاسی جماعت کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ گورنر وفاق کا نمائندہ اور غیر جانبدار ہونا چاہیے۔عدالت نے تمام فریقین سے 8 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔