کراچی کے علاقے نارتھ کراچی رحمانیہ موڑ پر پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں زخمی حالت میں گرفتار ملزم دورانِ علاج عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد علی ولد دلاور کے نام سے ہوئی، جو چند روز قبل اپنے ساتھی رمضان کے ساتھ مل کر ایک شہری سے موٹر سائیکل اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوا تھا۔ واردات کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زوہیب بھی زخمی ہوا تھا۔ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری راؤ سرفراز کے مطابق فائرنگ کے بعد زخمی ملزم کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور موبائل فونز برآمد کر لیے ہیں جبکہ فرار ملزم رمضان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔






