کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس نے مختلف مقامات پر کومبنگ اور سرچ آپریشن کرتے ہوئے 15 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا تھا۔آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کیے گئے اور گھروں، دکانوں اور ہوٹلوں کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔پولیس نے بائیو میٹرک تلاش ڈیوائسز کے ذریعے متعدد مشتبہ افراد کی شناخت و تصدیق بھی کی۔ترجمان کے مطابق 31 گھروں، دکانوں اور ہوٹلوں کی تلاشی کے دوران 15 افغان باشندے حراست میں لیے گئے۔آپریشن میں ایس ایچ اوز، پولیس افسران، انٹیلیجنس اسٹاف، تلاش ڈیوائس آپریٹرز اور لیڈیز پولیس نے حصہ لیا۔