کراچی کے علاقے کورنگی ضیا کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے کم عمر حافظِ قرآن بچے کو کچل کر جاں سے مار دیا۔پولیس کے مطابق 14 سالہ اسماعیل گلی سے گزر رہا تھا کہ پانی سپلائی کرنے والا ٹینکر موڑ کاٹتے ہوئے اس سے ٹکرا گیا۔ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد ڈرائیور ٹینکر سمیت فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمٰن کو گرفتار کرلیا اور ٹینکر بھی قبضے میں لے لیا۔ متوفی اسماعیل حافظِ قرآن اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، جس کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔ اس المناک حادثے کی خبر گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔ علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اناڑی اور لائسنس کے بغیر گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔






