کراچی میں بارش کے بعد بجلی کی بحالی تاحال معطل، شہری سراپا احتجاج

شہرِ قائد میں موسلا دھار بارش کو 48 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں، مگر کئی علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہ ہو سکی۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کا صبر جواب دینے لگا ہے، ملیر سمیت متعدد علاقوں میں عوام نے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا۔ملیر میں علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور دونوں ٹریک بند کر دیے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔واضح رہے کہ پیر کی رات ہلکی بارش کے بعد منگل کی صبح موسلا دھار بارش کا آغاز ہوا تھا، جس پر کے الیکٹرک نے حفاظتی اقدامات کے نام پر کئی علاقوں کی بجلی معطل کر دی تھی، جو اب تیسرے روز بھی بحال نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال نے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے، لیکن کے الیکٹرک حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ادھر بارش کے پانی نے بھی شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ملیر ہالٹ سے ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے اور جانے والے راستے بدستور بند ہیں، جبکہ ٹریفک کو ماڈل قبرستان کٹ سے ائیرپورٹ اور شارع فیصل کی طرف موڑا جا رہا ہے۔