شہر قائد میں جرائم کی وارداتیں بے قابو ہوگئیں۔ رضویہ تھانے کی حدود میں منگل کی صبح چار مسلح ملزمان نے 15 منٹ تک علاقے میں کھلے عام لوٹ مار کی اور شہریوں پر بدترین تشدد کرتے رہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکو سب سے پہلے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو روکتے ہیں، پیچھے بیٹھا نوجوان فرار ہوگیا جبکہ آگے بیٹھے علی حسین سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی گئی۔ واردات کے دوران ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی مرغا بھی بنادیا۔فوٹیج میں ڈاکوؤں کو مزید تین سے چار شہریوں اور ایک پان کی دکان کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واردات کے بعد تین ملزمان کار جبکہ ایک موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے آدھے گھنٹے تک مدد 15 پر کال کی لیکن پولیس نہ پہنچی، بعد میں تھانے جاکر شکایت درج کرائی مگر کوئی سنجیدہ کارروائی نہ ہوئی۔






