لانڈھی میں ننھے سعد کے اغوا، زیادتی اور قتل کے کیس میں گرفتار ملزمان کے عدالت میں لرزہ خیز انکشافات

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ننھے سعد کے اغوا، زیادتی اور قتل کے کیس میں گرفتار دونوں ملزمان سہیل اور حسن نے عدالت میں لرزہ خیز انکشافات کر دیے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دونوں ملزمان کے اعترافی بیانات ریکارڈ کیے گئے جن میں انہوں نے بچے کو بہانے سے باڑے میں لے جانے، زیادتی کا نشانہ بنانے اور بعدازاں قتل کرنے کی تفصیلات بیان کیں۔ملزم حسن نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ گوشت کا کام کرتا ہے اور واقعے کے روز سہیل کے ساتھ تھا۔ بچے کو خالہ کے گھر کے قریب سے بہلا کر باڑے میں لایا گیا جہاں پہلے سہیل اور پھر اس نے بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں بچے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر گلا دبایا گیا اور لاش علاقے میں پھینک دی گئی۔ملزم سہیل نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ یہ سب حسن کے کہنے پر کیا اور قتل کے بعد لاش کو ٹھکانے لگانے میں ساتھ دیا۔عدالت نے دونوں ملزمان کے اعترافی بیانات کو ریکارڈ پر رکھ لیا ہے جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔