سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت متعدد وزرا اور معاونین کے محکمے تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر ناصر حسین شاہ کو سونپ دیا جائے گا، جبکہ سعید غنی کو محنت اور سوشل پروٹیکشن کی وزارت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر محنت شاہد تھہیم کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جام خان شورو کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اضافی چارج دیا جائے گا، جبکہ محکمہ خوراک کا قلمدان معاون خصوصی جبار خان سے واپس لے کر صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ جبار خان کو محکمہ ریلیف دیا جائے گا۔اسماعیل راہو کو صوبائی وزیر بنایا جا رہا ہے اور انہیں محکمہ یونیورسٹی بورڈ کا قلمدان دیا جائے گا، جبکہ شام سندر کو معاون خصوصی بنانے اور معاون خصوصی علی راشد کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسماعیل راہو آج سہ پہر 4 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جس کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری تقریب حلف برداری میں نئے وزیر سے حلف لیں گے۔یہ ردوبدل وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد عمل میں لایا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں کابینہ کے مزید فیصلے بھی متوقع ہیں۔






