حکومت سندھ نے سرکاری تقریبات میں اجرک، سندھی ٹوپی اور تحائف دینے کی روایت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریبات میں بچوں کو مہمانوں کے استقبال کے لیے کھڑا کرنے پر بھی سختی سے روک دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو فوری طور پر احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری تقریبات میں اجرک، ٹوپی یا کسی بھی قسم کا تحفہ دینا اب ممنوع ہوگا، اور اس روایت کو فوری طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بچوں کو صرف تقریب کے رسمی حصے کے لیے استعمال کرنا غیر مناسب قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ فیصلہ تعلیم کے ماحول کو بہتر بنانے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے تمام اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔






