نارتھ ناظم آباد میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال تنخواہیں نہ ملنے پر بند

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال، تنخواہیں نہ ملنے کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق اسپتال ایک ماہ سے زائد عرصے سے بند ہے، جب کہ ایمرجنسی اور وارڈز کی تمام سہولتیں معطل ہیں۔ذرائع کے مطابق اسپتال کے 400 سے زائد ملازمین گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث علاج معالجے کی بیشتر خدمات بند ہوچکی ہیں۔فی الحال صرف او پی ڈی جزوی طور پر کام کر رہی ہے، لیکن دیگر سہولتوں کی بندش کے باعث مریضوں کی آمد میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مختلف امراض میں مبتلا بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، جبکہ والدین اپنے بچوں کے علاج کے لیے دیگر اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ترجمان اسپتال کے مطابق بجٹ کی نظرِ ثانی منظور ہوچکی ہے، اور امید ہے کہ جلد تنخواہوں کے مسائل حل کر لیے جائیں گے۔تاہم تنخواہیں ادا ہونے تک اسپتال بند رہے گا۔