جشنِ آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس کراچی میں ’معرکۂ حق‘ کے عنوان سے شاندار آتشبازی کے مظاہرے نے تاریخ رقم کر دی۔ تقریب کے دوران دنیا کی طویل ترین آتشبازی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔ یہ دلکش آتشبازی رات 12 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوئی اور ایک گھنٹہ 16 منٹ تک جاری رہی، جس دوران کراچی کا آسمان رنگ برنگی روشنیوں میں نہا گیا۔ اس موقع پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے بھی موجود تھے تاکہ اس شاندار مظاہرے کو عالمی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔تقریب کی صدارت گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گورنر ہاؤس میں ایشیا کا سب سے بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا، جہاں عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر اور کیفی خلیل نے یادگار پرفارمنس پیش کی۔ خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا: “بھارت نے اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو یہی آتشبازی اس کا جواب ہوگی۔ ہم سب نے مل کر جشنِ آزادی کی تقریبات کو شاندار بنایا ہے۔” ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا: “آج بھارت کو بھی اندازہ ہوگیا کہ آتشبازی کس طرح آتش فشانی میں بدل سکتی ہے۔ عوامی گورنر کی وجہ سے گورنر ہاؤس کی قسمت بدل گئی ہے۔”ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق، اس تاریخی آتشبازی کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرانے کی باضابطہ کوشش کی گئی، جس کے لیے غیر ملکی مبصرین بھی شریک تھے۔ شہریوں نے روشنیوں، آتشبازی اور فنکاروں کی پرفارمنسز کا بھرپور لطف اٹھایا۔






