سندھ حکومت کی چین کی یوٹونگ کمپنی کو سرمایہ کاری کی دعوت

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین کے شہر میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ملاقات کے دوران سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں فریقین نے ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔یوٹونگ حکام نے وزراء کو اپنی جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سرمایہ کاروں کے لیے سنہری موقع ہے جہاں دس سالہ ٹیکس چھوٹ سمیت تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں جدید اور معیاری بس سروس فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کی ضرورت ہے، اور یوٹونگ بسیں اس حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول میسر ہو سکے۔