گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کی فوری امداد کے لیے سندھ حکومت ٹھوس اقدامات کرے جبکہ وفاقی حکومت بھی ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔یہ بات انہوں نے کراچی میں امریکا کے سبکدوش قونصل جنرل اسکاٹ اربوم سے الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے اسکاٹ اربوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بعد ازاں ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی شریک ہوئے۔امریکی قونصل جنرل نے ملاقات کے دوران کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔ انہوں نے گورنر سندھ کے اقدامات کو بھی سراہا۔






