واٹر ٹینکر کے ذریعے چھالیہ اسمگلنگ کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے گرفتار ملزمان کی ضمانت منظور کر لی

سندھ ہائیکورٹ نے واٹر ٹینکر کے ذریعے چھالیہ اسمگلنگ کیس میں گرفتار ڈرائیور اور کلینر کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان ٹینکر کے مالکان نہیں،اور انہوں نے برآمد شدہ چھالیہ کی ملکیت کا دعویٰ بھی نہیں کیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈرائیور اور کلینر دیہاڑی پر کام کرتے ہیں اور ان کا اسمگلنگ سے کوئی تعلق نہیں۔پراسیکیوشن کے مطابق کسٹمز حکام نے حب ریور روڈ پر کارروائی کے دوران واٹر ٹینکر کے خفیہ خانوں سے 1200 کلو چھالیہ برآمد کی تھی۔ تاہم عدالت نے شواہد کے پیشِ نظر ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔