اگست کے آغاز کے ساتھ ہی سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات ختم ہوگئیں اور تعلیمی ادارے ایک بار پھر کھل گئے۔ کراچی سمیت دیگر شہروں میں اسکولز، کالجز میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں، تاہم ابتدائی دنوں میں طلبہ کی حاضری مایوس کن حد تک کم نظر آ رہی ہے۔ دو ماہ کی تعطیلات کے بعد آج سے سرکاری اسکولوں میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوگیا، مگر اکثر کلاس رومز خالی دکھائی دیے۔ بیشتر پرائیویٹ اسکولز نے اب بھی چند دنوں کی مہلت لی ہے اور وہاں کلاسز کا آغاز 4 اگست سے ہوگا۔ کراچی کے سرکاری کالجز میں انٹر سال دوئم کی کلاسز آج سے شروع ہوچکی ہیں جبکہ سال اول کی کلاسز 4 اگست سے شروع ہوں گی۔ تاہم یہاں بھی طلبہ کی تعداد کم رہی۔ ادھر حیدرآباد میں صورتحال اور بھی دلچسپ ہے — اسکول کھل گئے، اساتذہ موجود ہیں، لیکن طلبہ نہ ہونے کے برابر! لگتا ہے بچے ابھی تک چھٹیوں کے موڈ سے باہر نہیں نکلے۔






