کراچی میں تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی میں کیماڑی پاک کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی توحید رحمان کے مطابق ملزم کو میوہ شاہ قبرستان کے قریب چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا، جہاں سے اس کے قبضے سے آدھا پاؤ آئس برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف منشیات فروشی کے سات سے زائد مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق ملزم منشیات خصوصاً آئس تعلیمی اداروں کے طلباء کو فروخت کرتا تھا اور واٹس ایپ کے ذریعے آرڈر لے کر منشیات مختلف مقامات پر ڈیلیور کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مزید مقدمہ درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے دوران مزید انکشافات کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔