کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں آئندہ تین روز کے دوران درجہ حرارت میں معمولی اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں شمال مشرق کی جانب حرکت کی ہے۔ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 712 کلومیٹر اور بھارتی گجرات کے ساحل سے 330 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ اس سسٹم سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کے مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، سسٹم کے کمزور ہونے کے بعد سندھ کی ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں میں کمی آئے گی جبکہ شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اگلے تین روز کے دوران کراچی میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے، تاہم موسم مجموعی طور پر خوشگوار رہے گا۔