حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

حکومتِ پاکستان نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے چھیاسٹھ پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت دو سو تریسٹھ روپے دو پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے انتالیس پیسے سستا ہوکر دو سو پچھتر روپے اکتالیس پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل دو روپے پچھتر پیسے کی کمی کے بعد ایک سو باسٹھ روپے چھہتر پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی تین روپے چھبیس پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک سو اکیاسی روپے اکہتر پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا اور یہ قیمتیں اکتیس اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان ہر پندرہ روز بعد عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتی ہے۔