وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جو پیسے پورے دے رہے ہیں انھیں بجلی دینا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہر میں سیوریج کے مسائل ہو جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعید غنی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کے الیکٹرک کو خطیر رقم دینے کی منظوری دی ہے، سندھ حکومت ڈیفالٹر نہیں، ریگولر ادائیگی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کراچی الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ وہاں کرتے ہیں جہاں ریکوری کم ہوتی ہے، تو ہمیں بلاتعطل بجلی فراہم کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، جو پیسے پورے دے رہے ہیں انھیں بجلی دی جائے۔ لیاری میں روڈ کٹنگ کے حوالے سے سعید غنی نے بتایا کہ سوئی سدرن نے گیس پائپ لائن ڈالی ہے، جس کی وجہ سے لیاری ٹاؤن میں روڈ کٹنگ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ کٹنگ کی مد میں ڈیڑھ ارب روپے رکھے ہیں، لیاری کی سڑکیں، گلیاں، پارک کو ٹھیک کریں گے۔