شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پولیس نے پورٹ قاسم سے پنجاب جانے والی پارکو آئل پائپ لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسر اسد اقبال کی مدعیت میں پلاٹ کے مالک سمیت نامزد اور نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 462 بی اور 462 سی کے تحت درج ہوا۔مدعی کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ ایک پلاٹ میں مشکوک سرگرمیاں نظر آئیں۔ وہاں جانے پر ایک کونے میں کھودا گیا گڑھا اور بیلچے سمیت دیگر سامان برآمد ہوا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ٹیکنیکل ٹیم کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے تقریباً 6 فٹ لمبی سرنگ بنا کر مین پائپ لائن کے ساتھ ہائی پریشر کلیمپ اور طویل پائپ نصب کیا ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کلیمپ کو چلتی ہوئی لائن سے ہٹایا جاتا تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ تھا، تاہم سپلائی بند کر کے ملزمان کا لگایا گیا کلیمپ ہٹا کر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔






