ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ

ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، بڑے شہروں میں نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں، اور عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔جہلم میں ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث اب کھانوں میں ٹماٹر کا استعمال کم کرنا پڑ رہا ہے۔گوجرانوالہ میں 575 روپے فی کلو میں ٹماٹر فروخت ہو رہا ہے، جہاں دکانداروں نے حالیہ سیلاب کے اثرات کو قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔فیصل آباد میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو، ملتان میں 450 روپے اور لاہور میں 400 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے — جو حکومت کی مقرر کردہ قیمت 175 روپے سے کہیں زیادہ ہے۔کوئٹہ میں ٹماٹر 300 سے 350 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جب کہ پشاور میں حکومتی نرخ 320 روپے ہونے کے باوجود ٹماٹر 450 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے بند ہونے کے باعث ٹماٹر کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس سے مارکیٹ میں قلت پیدا ہوگئی ہے۔کراچی میں بھی صورتحال مختلف نہیں — شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 500 سے 700 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔