نارتھ کراچی کے علاقے بلال کالونی میں محمد شاہ قبرستان کے قریب سے ایک ڈرم میں بند ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، لاش تعفن زدہ حالت میں ملی، جسے ایک بستر میں لپیٹ کر پلاسٹک کے ڈرم میں بند کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد لاش کو ٹھکانے لگانے کی نیت سے قبرستان کے قریب پھینک دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ تاحال مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنیکل ذرائع، بشمول بائیو میٹرک اور نادرا کی مدد سے تلاش ڈیوائس کا استعمال کر کے شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی یا کسی مجرمانہ رنجش کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔






