پنجاب کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنان نے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی، جس کے دوران دو بچے زخمی ہوگئے جبکہ پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔نیو کراچی کے نالہ اسٹاپ اور نارتھ کراچی فور کے چورنگی پر ٹی ایل پی کارکنان کے احتجاج کے دوران پتھراؤ اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے واقعات پیش آئے۔احتجاج کے باعث کئی سڑکیں بند رہیں، جس سے شہریوں کو شدید ٹریفک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کے مطابق پولیس نے شیلنگ اور کارروائی کے بعد مظاہرین کو منتشر کر دیا، جبکہ نیو کراچی سندھ ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔






