کراچی کے علاقے ناگن چورنگی میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ، دو افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے ناگن چورنگی میں مسجد صدیق اکبر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک دکان پر اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے بآسانی فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت شاہ احمد اور ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے، جو مسجد کے قریب عطر، تسبیح اور جائے نماز کی دکان چلا رہے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔