کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم ملزمان نے معروف معالج ڈاکٹر شمبو لعل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

شہرِ قائد کے علاقے لیاری میں نامعلوم ملزمان نے تعاقب کر کے معروف معالج ڈاکٹر شمبو لعل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ گزشتہ روز دن دیہاڑے لیاری کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب پیش آیا، جب ڈاکٹر شمبو لعل کلینک سے نکل کر حسب معمول لیاری ایکسپریس وے کے ٹریک پر واک کے لیے جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے مقتول کو نام سے پکارا، جس پر وہ بھاگنے کی کوشش کرنے لگے، تاہم عقب سے فائرنگ کر دی گئی۔ ڈاکٹر شمبو لعل کو دو گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے تین خول برآمد ہوئے۔ مقتول کے بیٹے دیپک لعل کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی اور مالی تنازع کا نتیجہ لگتا ہے۔ مقتول کا کچھ افراد سے رقوم کے لین دین کا تنازع چل رہا تھا اور انہوں نے کراچی و بلوچستان میں متعدد مقدمات بھی درج کرا رکھے تھے۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ڈاکٹر شمبو لعل گارڈن کے رہائشی تھے اور طویل عرصے سے کلا کوٹ پولیس اسٹیشن کے قریب کلینک چلا رہے تھے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔