کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا

محکمہ موسمیات نے کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے آئندہ تین دن کا موسم پیش گوئی جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں اس دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم جیکب آباد، کشمور اور گھوٹکی میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح خیرپور، قمبر شہداد کوٹ، سانگھڑ، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے اضلاع میں بھی بارش برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔سیلابی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت گڈو بیراج میں درمیانے درجے کا بہاؤ موجود ہے جبکہ سکھر اور کوٹری بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران دریائے سندھ کے گڈو اور سکھر کے مقامات پر بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔