کراچی میں فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی میں رات گئے فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈرگ روڈ کے قریب ایک گھر سے نوجوان کی گولی لگی لاش ملی جس کی شناخت ارتضیٰ علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے پسند کی شادی کر رکھی تھی اور وہ سسرال آیا ہوا تھا، واقعہ ممکنہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کا نتیجہ ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادھر سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں نامعلوم افراد نے چھری کے وار سے 40 سالہ وحید اللّٰہ کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق اپر دیر سے تھا اور واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ڈکیتی مزاحمت کے دوران کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ جوہر موڑ پر فائرنگ سے 19 سالہ ایمن، شاہ فیصل کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ شہروز، جبکہ گلشن حدید میں 45 سالہ خالد زخمی ہوا۔ پاک کالونی میں نامعلوم سمت سے فائر لگنے سے حسن الہٰی نامی شہری زخمی ہوا۔دوسری جانب پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 15، ڈیفنس فیز 8 اور لیاری بغدادی میں تین الگ الگ مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن میں 4 زخمی بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔