شہر قائد میں پولیس کی بڑی کارروائیاں، سات ملزمان گرفتار

کراچی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ مختلف علاقوں میں چار الگ الگ پولیس مقابلوں کے دوران سات ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں پانچ زخمی حالت میں پکڑے گئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیاپہلا مقابلہ ابراہیم حیدری کے علاقے ریڑھی روڈ پر ہوا، جہاں پولیس گشت کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم عبدالحلیم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ دوسرا مقابلہ گلشن اقبال بلاک 7 میں اتوار بازار کے قریب پیش آیا، جہاں ایسٹ پولیس اور شاہین فورس کی مشترکہ کارروائی میں دو ملزمان فہیم اور شان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ تیسری کارروائی اورنگی ٹاؤن میں ہوئی، جہاں پولیس سے مقابلے میں ملزم محیب اللہ زخمی جبکہ اس کا ساتھی شکیل گرفتار کر لیا گیا۔ چوتھا مقابلہ سرجانی ٹاؤن میں ہوا، جہاں ایلیکس ولد پیٹر زخمی جبکہ رضوان ولد فرید اللہ گرفتار ہوا۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق تمام زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ضابطے کی کارروائیاں جاری ہیں۔