طاقتور مون سون سسٹم کے باعث ہونے والی موسلادھار بارشوں نے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ 5 بڑے انڈر پاسز اب بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہید ملت انڈر بائی پاس (طارق روڈ)، ڈرگ روڈ انڈر پاس (ایئرپورٹ کی جانب)، ناظم آباد نمبر 1 انڈر پاس، ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس اور سہراب گوٹھ انڈر بائی پاس میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک بند ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ باغ کورنگی روڈ عوامی کٹ سے مزار کٹ تک بند ہے کیونکہ سڑک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار بھی ہو چکی ہے۔ ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈبل لین میں چلایا جا رہا ہے۔ادھر کورنگی کراسنگ ندی اور کورنگی کازوے بھی تیسرے روز زیرِ آب ہیں، جس کے باعث قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ اور محمود آباد سے کورنگی جانے والے دونوں راستے بند ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹریفک کو قیوم آباد، بلوچ کالونی، ایکسپریس وے اور شان چورنگی کے راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ شہر کی اہم شاہراہیں، جن میں یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے شامل ہیں، بارش کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور نکاسی کے لیے شہری انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے اور شہری سخت مشکلات میں ہیں۔






