ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں یکم اکتوبر سے فیس لیس انفورسمنٹ سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے جس کے بعد ٹریفک چالان کے دوران پولیس کی براہِ راست مداخلت ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے تحت تمام کارروائی شواہد کی بنیاد پر ای چالان کے ذریعے کی جائے گی، اس طرح کسی قسم کے تنازع یا بحث کی گنجائش باقی نہیں رہے گی۔ایڈیشنل آئی جی نے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کے سربراہ جسٹس کے کے آغا سے ملاقات کی جس میں ٹریفک مسائل اور شہری سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جاوید عالم اوڈھو نے واضح کیا کہ پولیس پر ہیوی ٹرانسپورٹرز سے ہمدردی رکھنے کا تاثر غلط ہے، خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف نہ صرف چالان بلکہ مقدمات بھی درج کیے جاتے ہیں۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے لیے علیحدہ فری ویز ہونی چاہئیں تاکہ انہیں گلیوں اور چھوٹی سڑکوں پر آنے سے روکا جا سکے اور شہری ٹریفک جام اور حادثات سے بچ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی خرابی بھی حادثات کی بڑی وجہ ہے، برسات کے بعد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں، ایسے میں میئر کراچی کی جانب سے 106 سڑکوں کی مرمت کا اعلان خوش آئند ہے جو عوام کو نمایاں ریلیف فراہم کرے گا۔






