کراچی کے علاقے بنارس کے قریب ٹریفک حادثے میں 5 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر بنارس ملنگ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا۔ہیڈ محرر سائٹ اے تھانہ خالد بلوچ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بے قابو رکشے نے متاثرہ خاندان کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ ٹکر کے باعث موٹرسائیکل پر سوار اہلِ خانہ گر گئے اور 5 سالہ اذلان سڑک پر جا گرا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے واٹر ٹینکر نے بچے کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والا اذلان دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور اہل خانہ موٹر سائیکل پر قصبہ کالونی اپنی رہائش گاہ جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ اور غم کی فضا قائم ہوگئی۔