افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے پھر ملک بدر کریں گے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ افغان بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کے بعد ملک بدر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ ہر چیز کو منفی انداز میں لیتے ہیں، اگر پولیو ویکسین میں کوئی مسئلہ ہوتا تو محترمہ آصفہ بھٹو خود یہ ویکسین نہ پیتیں۔مراد علی شاہ نے علمائے کرام اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پولیو ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کے لیے چیف منسٹر ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جہاں والدین کا ڈیٹا ریکارڈ کیا جائے گا اور انہیں پولیو کے قطروں کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال سندھ میں پولیو کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ دنیا میں اب پولیو صرف دو ممالک تک محدود ہے۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پولیو مہم سہراب گوٹھ سمیت ہر علاقے میں جاری رہے گی، اور حکومت اس مہم کو ہر صورت مکمل کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ “افغانستان نے بارڈر پر حملہ کیا، اس کا جواب دیا جا چکا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ہماری سرحدوں پر خطرات ضرور ہیں، مگر پولیو مہم بھی ایک جنگ ہے جو ہمیں جیتنی ہے۔”