سندھ کے ضلع شکارپور میں کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں نے حکومتِ سندھ کی سرنڈر پالیسی کے تحت ہتھیار ڈال دیے۔ پولیس لائن شکارپور میں منعقدہ تقریب میں مجموعی طور پر کشمور، کندھ کوٹ اور شکارپور کے 65 ڈاکوؤں نے خود کو قانون کے حوالے کیا۔تقریب میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے مطابق 50 سے زائد ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کیا۔ذرائع کے مطابق سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی فہرست جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہے، جبکہ تقریب میں جمع کروایا گیا بھاری اور جدید اسلحہ بھی نمائش کے لیے رکھا گیا، جس میں کلاشنکوف، راکٹ لانچر، اینٹی ایئرکرافٹ گنز سمیت دیگر ہتھیار شامل تھے۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ “آج کچے کے علاقے کے لیے ایک تاریخی دن ہے، جہاں امن کی بحالی کی طرف عملی پیش رفت ہوئی ہے۔”






