شہید ملت روڈ پر شہری نے فائرنگ کرکے ایک مبینہ ڈاکو کو گولی مار کر ہلاک کردیا، اس موقع پر ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کراچی کے علاقے فیروزآباد شہید ملت روڈ پر شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 3 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ شہری نے انہیں دیکھ لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار سوار شہری نے فرار ہونے والے ملزمان کا پیچھا کرکے ایک ڈاکو کو گولی مار دی، فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ ڈاکو کی لاش قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ ملزم کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔






