معروف وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل پر وکلا برادری کی ہڑتال کا اعلان

سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ممتاز قانون دان خواجہ شمس الاسلام کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وکلا برادری پر ایک کھلی جارحیت قرار دیا ہے، جب کہ کراچی بار ایسوسی ایشن نے واقعے کے خلاف مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر سندھ ہائیکورٹ بار سرفراز میتلو کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک وکیل پر حملہ نہیں، بلکہ پوری عدالتی برادری پر حملہ ہے، جو قابلِ مذمت ہی نہیں بلکہ انتہائی تشویشناک بھی ہے۔ دوسری جانب صدر کراچی بار عامر وڑائچ نے اعلان کیا کہ بار کل فل ڈے اسٹرائیک کرے گی اور وکلا آئندہ کا لائحہ عمل کل پریس کانفرنس میں پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی نمایاں وکیل کو نشانہ بنایا گیا ہو، ماضی میں بھی کئی قابل وکلاء حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے واقعے کی ذمہ داری پولیس پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت اور لاپرواہی نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ وکلا برادری نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ قانونی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جب کہ سیکیورٹی اداروں پر بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد خدشہ ہے کہ وکلا احتجاج کا دائرہ کار بڑھا سکتے ہیں۔