کراچی کے علاقے کورنگی میں دوران ڈکیتی گولی لگنے سے ایک بچی جاں بحق

شہر قائد میں مسلح ڈاکو خون کے پیاسے بن گئے، ڈکیتی کے دوران گولی لگنے سے 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، لواحقین نے لاش سمیت دھرنا دے دیا۔ کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 3میں دوران ڈکیتی گولی لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور کورنگی نمبر چار کے مین روڈ پر11سالہ بچی عارفہ کی لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ اس موقع پر متوفی بچی کے والد اور چچا لاش کے ہمراہ موجود تھے، احتجاج کے باعث کورنگی 4 سے 5جانے والی سڑک پر ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کامران ٹیسوری کے آنے تک احتجاج جاری رہے گا، پولیس جھوٹے وعدےکرکے چلی جاتی ہے ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج کرتے رہیں گے۔ بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی، پولیس سے مذاکرات اور یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرکے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔