کلفٹن بورڈ کنٹونمنٹ نے مخدوش عمارتوں کے سروے کا آغاز کردیا۔ لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد شہر میں مخدوش عمارتوں کے سروے کا کام جاری ہے جس دوران کلفٹن بورڈ کنٹونمنٹ نے پہلے مرحلے میں 125 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی مکمل کرلی۔ سی بی سی کے مطابق دہلی کالونی میں 51، مدنی آباد میں 16 ،لوئر گزری میں 7، چوہدری خلیق الزماں کالونی میں 5 اور پنجاب کالونی میں 14 عمارتیں مخدوش قرار دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پاک جمہوریہ کالونی میں 27 اور بخشن ولیج میں بھی 5 عمارتیں مخدوش قرار دی گئی ہیں۔ سی بی سی حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران یہ عمارتیں جانوں اور املاک کے لیےخطرہ بن سکتی ہیں، مالکان اور کرایہ داروں کو عمارتیں فوری خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ واضح رہےکہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ ہفتے ایک 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔






