عزیزآباد میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار

کراچی کے علاقے عزیزآباد میں عائشہ منزل فلائی اوور پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق، عزیزآباد تھانے کی حدود میں پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ دوسرا اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت محمد راجا کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔