کراچی کی سیشن عدالت نے گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری شاہ زیب کی ہلاکت کے کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم لیاقت محسود کے خلاف دو مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی (اے ٹی اے) کی دفعات شامل کرنے کا حکم جاری کردیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ایس پی ساؤتھ کو ہدایات دیں کہ تفتیشی افسر مقدمات میں اقدام قتل اور دیگر متعلقہ دفعات بھی شامل کرے اور 173 کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ گزشتہ سماعت میں عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ ملزم کی جانب سے فائرنگ اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈمپر کی ٹکر سے شہری شاہ زیب جاں بحق ہوا، جب کہ واقعے کے بعد ملزم کے گارڈ نے علاقے کے مکینوں پر فائرنگ کی، جس کی بنیاد پر مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔






