کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح اور رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔ شہر کا موسم مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، جس کے باعث موسم قدرے بھاری محسوس ہو رہا ہے۔ شہر میں سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو گرمی کی شدت کو کسی حد تک کم کر رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک موسم میں نمی اور بادلوں کی موجودگی برقرار رہنے کا امکان ہے۔