کراچی میں خونی ڈمپر کی ٹکر سے دو موٹرسائیکل سوار جاں بحق

کراچی میں ہیوی ٹریفک سے انسانی جانوں کا ضیاع نہ رک سکا۔ حب چوکی ساکران روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت یاسین ولد نامعلوم اور بلاول ولد جمن کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے کا مقدمہ ساکران تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی فیڈرل بی ایریا میں تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار باپ زخمی جبکہ اس کی بیٹی اور بیٹا جاں بحق ہوگئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال کے سات ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 536 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان میں 51 خواتین اور 68 بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حادثات سے سب سے زیادہ متاثر موٹرسائیکل سوار ہوئے، جن کی تعداد 274 ہے۔ دوسرے نمبر پر 179 پیدل چلنے والے اور تیسرے نمبر پر دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے والے 83 افراد جاں بحق ہوئے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے بے ہنگم داخلے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور مؤثر نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں حادثات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔