پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بڑی خبر، ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے اہم پیشکش

پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے نجکاری کے عمل سے قبل ریٹائرڈ ملازمین کو بڑی پیشکش کر دی۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی، نجکاری کمیشن، اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی اور ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل سہولتوں پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں میڈیکل سہولتوں کے معاملے پر فریقین کے درمیان اتفاق نہ ہو سکا۔ہولڈنگ کمپنی نے ریٹائرڈ ملازمین کو اسٹیٹ لائف انشورنس کے ذریعے میڈیکل سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی، تاہم ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں نے اسٹیٹ لائف سے تحریری پیشکش طلب کر لی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ میڈیکل سروسز پر ڈیڈلاک برقرار رہنے کے باعث قومی ایئرلائن کی نجکاری کی بولی 30 اکتوبر سے بڑھا کر 17 نومبر تک مؤخر کر دی گئی ہے۔اجلاس میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا، جہاں ہولڈنگ کمپنی کے حکام نے نمائندوں سے آئندہ اجلاس تک مہلت طلب کی۔دوسری جانب پیپلز یونٹی، ایئر لیگ اور ساسا یونینز نے اجلاس میں شرکت نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ن لیگ کی حمایت یافتہ ایئر لیگ کے صدر شمیم اکمل نے پی آئی اے انتظامیہ کو خط لکھ کر غیر نمائندہ تنظیموں کو اجلاس میں بلانے پر اعتراض اٹھایا۔شمیم اکمل نے واضح کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی میڈیکل سہولتوں میں کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی، اور غیر نمائندہ تنظیموں کے ذریعے معاملات طے کرنے سے ریٹائرڈ ملازمین کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔