کراچی میں دورانِ ڈکیتی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی میں ملوث تین ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں دورانِ ڈکیتی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے سنگین واقعے میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران ایک گھر میں گھس کر نہ صرف نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹا بلکہ خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل، شیراز اور یاسر کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ اس واقعے میں ملزمان کے دو مزید ساتھی شامل تھے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔ ادھر متاثرہ خاتون کا میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے اور واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بھیانک جرم میں ملوث تمام عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔