حمیرا اصغر مالی اور ذہنی طور پر شدید دباؤ کا شکار تھیں، قریبی رشتہ دار کا انکشاف

پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی اچانک موت کے بعد واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے، جب ان کی قریبی رشتہ دار (بھابھی) کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں اداکارہ کے خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حمیرا کو قتل کیا گیا ہو سکتا ہے، اور ان کی موت محض اتفاقیہ یا قدرتی نہیں تھی۔ اداکارہ کی بھابھی کے مطابق حمیرا اصغر کافی عرصے سے مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، اور اپنے خاندان سے بارہا مدد مانگنے کے باوجود انہیں مسلسل نظرانداز کیا گیا۔ الزامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے بھائی نوید اصغر نے انہیں نہ صرف گھر سے نکال دیا تھا بلکہ ان کا جائیداد میں سے حق بھی نہیں دیا۔ بھابھی کا کہنا ہے کہ حمیرا نے اپنی والدہ سے مالی تعاون کی درخواست کی، لیکن انہیں انکار کا سامنا کرنا پڑا۔ ویڈیو میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اچانک بند کر دیے گئے تھے، اور ان کی فون کالز کا بھی کوئی جواب نہیں مل رہا تھا، جس کی وجہ سے خاندان سے باہر موجود افراد میں تشویش بڑھتی گئی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اداکارہ کی لاش ان کے کراچی کے فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اسے قدرتی موت قرار دیا تھا، تاہم اب اس ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد تحقیقات ایک نئے زاویے سے کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے اور حمیرا کی موت کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اگر اداکارہ کی موت کے پیچھے کسی قسم کی سازش موجود ہے تو حقائق سامنے لائے جائیں اور انصاف کو یقینی بنایا جائے۔