صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے اور ان پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق، یہ فیصلہ سابق چیف مارکیٹنگ آفیسر مہرین زہرہ کی جانب سے دائر کردہ شکایت پر سنایا گیا۔ سماعت جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے کی، جس میں مونس علوی پر ہراسانی اور ذہنی اذیت دینے کے الزامات ثابت ہوئے۔ صوبائی محتسب کے فیصلے کے مطابق، مونس علوی کو ایک ماہ کے اندر جرمانے کی رقم ادا کرنا ہو گی۔ بصورت دیگر، ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی، جب کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مہرین زہرہ نے الزام لگایا تھا کہ انہیں 2019 میں کے الیکٹرک نے کنسلٹنسی خدمات کے لیے رکھا گیا تھا، اور دورانِ ملازمت انہیں سی ای او کی جانب سے ہراسانی اور غیر مناسب برتاؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ صوبائی محتسب کے مطابق، تمام شواہد اور گواہیوں کی روشنی میں مونس علوی پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے بعد یہ فیصلہ سنایا گیا۔






