کورنگی میں 9 سالہ بچے کا اغوا و قتل، ایک مشکوک شخص زیر حراست

کراچی کے علاقے کورنگی میں معصوم بچے کے اغوا اور قتل کے لرزہ خیز واقعے میں پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست شخص گونگا ہے، جس کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مشکوک ملزم اسی علاقے کا رہائشی ہے جہاں مقتول بچہ رہتا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ شب کورنگی زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ایک خالی پلاٹ سے شاپنگ بیگ میں لپٹی 9 سالہ بچے کی کئی روز پرانی لاش ملی تھی۔ پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بچے کو سر پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت 9 سالہ حسن شاہ ولد جاوید شاہ کے نام سے ہوئی، جو کورنگی ڈیڑھ مٹکے والی پلیہ نورانی بستی کا رہائشی تھا۔ بچے کے اغوا کا مقدمہ 24 ستمبر کو والد جاوید شاہ کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مقتول بچہ 22 ستمبر کو ڈیفنس اے مارکیٹ کے قریب اپنے والد کی دکان پر آیا تھا، جہاں سے وہ لاپتہ ہوگیا۔ حسن شاہ 7 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست شخص سے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ اصل ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے